طلاق قبول کرنے سے انکار پر شوہر نے بیوی کو ہلاک کردیا

   

خاتون کے باپ کی شکایت پر خسر اور شوہر گرفتار، 8 کیخلاف قانون انسداد جہیز مقدمہ

شراوسنی 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ہند ۔ نیپال سرحد کے قریب واقع گدرا گاؤں میں ایک 22 سالہ عورت کو اِس کے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں نے مبینہ طور پر مار مار کر ہلاک کردیا اور اس کی نعش کو جلادیا گیا۔ متوفی کے خاندان نے کہا ہے کہ اس عورت کے شوہر نے فون پر طلاق دی تھی جس کو قبول کرنے سے انکار پر ہلاک کردیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ آشیش سریواستوا نے کہاکہ ہند ۔ نیپال سرحد کے قریب گدرا گاؤں میں جمعہ کو یہ واقعہ پیش آیا۔ نفیس نے سعیدہ سے چھ سال قبل شادی کی تھی۔ یہ دونوں اس گاؤں کے ساکن تھے اور نفیس ممبئی میں کام کیا کرتا تھا، اُنھیں دو بچے ہیں۔ سعیدہ کے باپ رمضان نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ان کی بیٹی کو سسرالی رشتہ داروں نے مار مار کر ہلاک کردیا۔ نفیس نے 6 اگسٹ کو فون پر طلاق دیا تھا۔ لیکن سعیدہ نے قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ نفیس عیدالٓضحی اور جمعہ کو ان کے گھر آیا تھا اور صلح صفائی سے اتفاق کرتے ہوئے سعیدہ کو اپنے ساتھ لے گیا تھا جہاں شوہر اور اس کے ارکان خاندان نے سعیدہ کو مار مار کر ہلاک کرنے کے بعد نعش کو جلادیا۔ ایس پی نے کہاکہ تاحال اس معاملہ میں طلاق کا موضوع نہیں نکلا ہے اور اگر آیا تو اس پر غور کیا جائے گا۔ایس پی سریواستوا نے کہاکہ آٹھ افراد کے خلاف مزید جہیز کا مطالبہ کرنے سے متعلق دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’سعیدہ کے شوہر اور خسر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تحقیقات کی بنیاد پر دوسروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔