حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا مطالبہ کرتے ہوئے بیروزگار نوجوانوں کی تنظیموں کی جانب سے آج تلنگانہ سکریٹریٹ کے گھیراؤ کی کوشش کی گئی۔ تنظیموں نے دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات ، جاب کیلنڈر کی اجرائی اور میگا ڈی ایس سی کے انعقاد کا مطالبہ کیا۔ طلبہ کے احتجاج کے پیش نظر پولیس کی بھاری جمعیت کو سکریٹریٹ کے پاس تعینات کیا گیا۔ احتجاجی کارکن جیسے ہی سکریٹریٹ پہنچے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ بائیں بازو کی طلبہ تنظیم ڈی وائی ایف آئی کی قیادت میں ریالی منظم کی گئی۔ بیروزگار نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ریالی کو سکریٹریٹ کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ طلبہ تنظیموں نے انتخابی وعدہ کے مطابق بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ چار ہزار روپئے الاؤنس اور تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے جاب کیلینڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ راجیو یووا وکاسم پر عمل آوری کی مانگ کی۔ چلو سکریٹریٹ احتجاج کی بی آر ایس نے تائید کی تھی ۔ کئی طلبہ تنظیموں کے قائدین کو پہلے ہی احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔1