گورنمنٹ جونیئر کالج میں دوپہر کھانے کی اسکیم کا آغاز، ضلع کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو نے سدی پیٹ کے بجنگی منڈل میں مختلف ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔ انہوں نے سوامی ویویکانند کے مجسمے کی نقاب کشائی انجام دی اور گورنمنٹ جونیئر کالج میں دوپہر کے کھانے کی اسکیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ امتحانات کا وقت قریب آچکا ہے لہٰذا طلبہ کو وقت دیگر مصروفیات میں ضائع کئے بغیر تعلیم پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے طلبہ کو سوشل میڈیا، ٹی وی اور سیل فون سے دور رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ طلبہ کے ساتھ ساتھ کالج انتظامیہ کو بھی بہتر نتائج کے حصول میں مدد دینی چاہئے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ امتحانات کی تکمیل تک سوشل میڈیا، فلموں، سیل فون اور ٹی وی سے خود کو دور رکھیں اور زیادہ سے زیادہ نصابی کتب کا مطالعہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نشانات سے کامیابی کے ذریعہ ضلع کا نام روشن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم اور بہتر اخلاق نہ صرف والدین بلکہ سماج کا نام روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے جاریہ سال انٹرمیڈیٹ کے صدفیصد نتائج کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ صرف امتحان کامیاب کرنا مقصد نہیں بلکہ بہتر نشانات کے ساتھ اعلی تعلیم کا حصول طلبہ کا مشن ہونا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت کے اس دور میں میرٹ کی اہمیت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے سلسلہ میں اپنے لیکچررس سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ غیر حاضر طلبہ کی فہرست تیار کرتے ہوئے والدین سے ربط قائم کریں۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر دن چار کالجس کا دورہ کرتے ہوئے تعلیم اور طلبہ کی حاضری پر نظر رکھیں۔ ہریش رائو نے والدین سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو زراعت کی سرگرمیوں سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ دوپہر کے کھانے کی اسکیم کے علاوہ شام میں اسناکس کا انتظام کیا جارہا ہے لہٰذا طلبہ کو اضافی دو گھنٹے تعلیم حاصل کرنی ہوگی۔ انہوں نے صدفیصد نتائج کی صورت میں اضافی کلاس رومس کے لیے 40 لاکھ روپئے منظور کرنے کا وعدہ کیا۔ ہریش رائو نے ایس سی ایس ٹی طبقات کے قانون پر موثر عمل آوری کے لیے ضلع کلکٹریٹ میں جائزہ اجلاس میں شرکت کی۔ ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس اور دیگر عہدیدار بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ہریش رائو نے زرعی مارکٹ کمیٹی کی عمارت کا افتتاح کیا اور مارکٹ کمیٹی چیرمین کی حلف برداری میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں وزرائے فینانس کے اجلاس میں ریاست کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا۔