روڈ سیفٹی پروگرام سے حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔17جولائی ( سیاست نیوز) اسکول انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ طلبہ کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے خصوصی سیکورٹی انتظامات کرے اور ہر اسکول میں خصوصی سیکورٹی عملہ کا تقرر کرتے ہوئے بچوں کی حفاظت کیلئے پارکنگ کے مقامات کو مختص کرے ، یہ بات کمشنر آف پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے رویندرا بھارتی میں منعقدہ روڈ سیفٹی پروگرام کو مخاطب کیا ۔ روڈ سیفٹی سے متعلق شعور بیداری کے سلسلہ میں ٹریفک پولیس نے اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اسکولی بچوں کو منتقل کرنے والے آٹوز و دیگر ذریعہ پر سخت نظر رکھی جارہی ہے اور ایک آٹو میں 6بچوں سے زیادہ بٹھانے اور سفر کرنے کے خلاف سخت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بچوںکے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کے تحفظ کا خاص خیال رکھیں جس ذریعہ سے ان کا بچہ اسکول جارہا ہے اس آٹو ڈرائیور یا پھر ڈرائیور کے متعلق مکمل جانکاری رکھیں اور ایسے آٹوز میں بچوں کو لے جانے کی اجازت نہ دیں جن میں 6بچوں سے زائد بچے سفر کررہے ہوں ۔ کمشنر پولیس نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں میں روڈ سیفٹی کے متعلق شعور بیداری کریں ۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کو تاکید کی کہ وہ اپنے اسکولس کے احاطہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کریں اور سائین بورڈ کی تنصیب عمل میں لائیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 45لاکھ جرمانے کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں 60لاکھ گاڑیاں پائی جاتی ہیں اور ہفتہ کے دن 12لاکھ گاڑیاں سڑک پر آتے ہیں اس سال حیدرآباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے 5105 آٹوز اور اسکول بسوں کو ضبط کیا گیا اور ان کے خلاف کارروائی کی گئی ۔
