حیدرآباد 22 نومبر(سیاست نیوز) خلیج بنگال میں طوفان ’سینیار‘ سے دونوں شہروں اور اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ گذشتہ 10یوم سے مسلسل سردی کی لہر ختم ہوچکی ہے۔ ماہرین کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ تلنگانہ و آندھراپردیش اور اوڈیشہ میں بھی موسلادھار بارشوں کے امکانات ہیں ۔ اگر 30نومبر سے قبل خلیج بنگال میں طوفان ’سینیار ‘ ساحل سے نہیں ٹکراتا ہے تو حیدرآبادو سکندرآباد و بیشتر اضلاع میں دوبارہ سرد لہروں کا سلسلہ شروع ہوگا اور درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق 27اور28 نومبر کو طوفان ’سینیار‘ کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے لیکن اگر اس میں تاخیر ہوتی ہے تو بارشوں کے امکانات موہوم ہوجائیں گے لیکن سرد لہروں میں اضافہ ہوگا ۔ اگر جاریہ ماہ کے اواخر میں طوفان ساحل سے ٹکرائے تو آندھراپردیش و تلنگانہ میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 3تا5 یوم تک جاری رہنے کا امکان ہے۔بتایا گیا کہ گذشتہ 10 یوم سے جاری سردی کی لہر کا سلسلہ اب ختم ہوچکا ہے جو کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں بارش نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ زور پکڑسکتا ہے جبکہ اگر بارشیں ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں سردی کی لہر میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا اور ڈسمبر کے دوسرے ہفتہ تک موسم بہتر رہے گا۔3