طوفان میچانگ سے تلنگانہ اور ساحلی علاقوں کے متاثر ہونے کا خدشہ

   

حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) انڈین میٹیورولوجیکل ڈپارٹمنٹ (IMD) نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ طوفان میچانگ کا 4 تا 5 ڈسمبر تلنگانہ میں اثر ہونے کے امکانات ہیں۔ اس طوفان کے اثرات سے تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق اس دوران ریاست کے مختلف مقامات پر ہلکی تا اوسط بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔ ریاست کے مشرقی اور جنوبی اضلاع میں 4 ڈسمبر کو طوفان برق و باراں کا امکان ہے۔ ڈاکٹر کے ناگارتنا، ہیڈسائنٹسٹ، آئی ایم ڈی حیدرآباد نے حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں اوسط بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ آئی ایم ڈی نے طوفان کے بڑھنے کے پیش نظر اتوار اور پیر کو ٹاملناڈو، ساحلی اور انٹیریئر آندھراپردیش کیلئے ’’آرینج‘‘ الرٹ جاری کیا ہے۔