حیدرآباد 2 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ ٹاملناڈو اور ساحلی آندھرا پردیش میںطوفان میچانگ کے اثر سے شدید بارش ہوسکتی ہے ۔ جنوب مشرقی خلیج بنگال اور اطراف کے علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال بنی ہوئی ہے جس میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ ڈائرکٹر وشاکھاپٹنم سائیکلون وارننگ سنٹر ایم ڈی سنندا نے بتایا کہ ہوا کے دباؤ میںکمی امکان ہے کہ مزید شدت اختیار کرے گی اور یہ طوفان سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلے گا ۔ اسے میچانگ کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ صورتحال آئندہ 48 گھنٹوں میں ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال شدت اختیار کرتی جا رہی ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ شمالی ٹاملناڈو اور جنوبی آندھرا کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے ۔ محکمہ نے 3 ڈسمبر سے ہوا کی رفتار میں اضافہ کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ ٹاملناڈو و آندھرا پردیش کے علاوہ چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کے کچھ حصوںمیں بارش ہوسکتی ہے ۔