ممبئی 14جون (یو این آئی) جمعرات کو گجرات کے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے ایک طیارے حادثہ میں 241مسافروں سمیت تقریباً 270 افراد ہلاک ہو گئے ۔ اس حادثہ کو قتل قرار دیا جا ئے یا آتشزدگی؟ شیوسینا (یو بی ٹی گروپ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے سائبر حملے کا شبہ ظاہر کیا ہے ۔حادثہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ہوائی اڈے سے لندن کے لیے ٹیک آف کے محض 12 سے 15 سیکنڈ بعد پیش آیا۔ گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی بھی اس حادثے میں ہلاک ہو گئے ۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات ڈی جی سی اے ، این ایس جی، این آئی اے اور گجرات اے ٹی ایس کر رہے ہیں۔سنجے راوت نے کہاکہ لوگوں کو شک ہے ، ملک اور بیرون ملک کی ایجنسیاں اس کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ یہ طیارہ یو پی اے کے دور میں خریدا گیا تھا ۔ یہ سول ایوی ایشن سیکٹر کے لیے ایک معمہ ہے کہ یہ سب صرف 30 سیکنڈ میں کیسے ہوا؟ ایک ہی وقت میں دو انجن کیسے بند ہو گئے ؟ اس حوالے سے بہت سے سوالات پیدا ہوتے ہیں۔ ہمارے ملک پر جو سائبر حملے ہو رہے ہیں، یہ ایک بہت سنگین معاملہ ہے ۔ بدقسمتی سے اس حادثہ میں 300 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔