تاجرین اور قائدین کے ساتھ ایڈیشنل کلکٹر کا اجلاس‘ دیگر اُمور پر بھی تبادلہ خیال
ظہیرآباد۔ 24؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ ظہیرآباد میونسپلٹی میں حکومت کی جانب سے حال ہی میں تعمیر کی گئی انٹیگریٹڈ شاپنگ کامپیلکس میں موجود دوکانات کے کرایوں کے تعین کے حوالے سے میونسپلٹی آفس میں تاجرین اور قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر تاجرین اور قائدین نے سخت اعتراضات پیش کئے، جس کے باعث اجلاس کو ملتوی کردینا پڑا۔ اس ضمن میں تاجرین اور قائدین کے اعتراضات پر غور کرنے کے لئے ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے سرتھ کی ہدایت پر ضلع ایڈیشنل کلکٹر راجرشی شاہ نے ظہیرآباد کے تاجرین اور قائدین کے ساتھ سنگاریڈی کلکٹر کے دفتر میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر کے علم میں خصوصی طور پر یہ بات لائی گئی ہے کہ اس کامپلیکس کی دوکانات کا کرایہ ظہیر آباد نیشنل ہائی وے پر واقع تمام دوکانات کے کرایوں سے کہیں زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاجرین دوکانات کرایہ پر لینے سے کترا رہے ہیں۔ تاجرین نے حکام سے واضح طور پر کہا کہ دوکانات کے کرایہ میں کمی کی صورت ہی میں دوکانات کرایہ پر حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ تاجرین نے حکومت کی جانب سے عائد کردہ کرایوں میں 50 فیصد کم کرنے کا مطالبہ کیا اور یہ بھی یاد دلایا کہ نوٹیفکیشن میں شائع شدہ دکانات کے طول و عرض میں غلطیاں سرزد ہوئی ہیں جس سے تاجرین کو شدید نقصان ہوگا۔ تاجرین نے دوکانات کی نیلامی میں شرکت کے لئے تاجرین کو درخواستیں داخل کرنے کا ایک اور موقع فراہم کرنے، عمارت میں کاروبار کی قسم اور اس سے متعلق قواعد کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی ضرورت ظاہر کی۔ اس اجلاس میں میونسپل کمشنر ملاریڈی دیگر بلدی عہدیداروں، بی آر ایس لیڈر و سابق کونسلر ناما کرن، سابق ٹاؤن صدر محمد یعقوب، راجکا اسوسی ایشن کے صدر سندیپ مڈیوال، تاجرین الاڈی شنکر، سورم پلی انجی نیویلو، مڈیشیٹی سری نواس، پانڈورنگم اور دیگر نے شرکت کی۔