ظہیرآباد میں اربن پارک کے قیام کیلئے 200ایکر اراضی مختص : کلکٹر

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد۔/25 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) معروف موٹر ساز مہندرا اینڈ مہندرا لمیٹیڈ کے قریب اور 65 ویں قومی شاہراہ کے کنارے واقع محکمہ جنگلات کی 200 ایکر اراضی کو ریاستی حکومت نے اربن پارک کی تعمیر کیلئے مختص کردیا ہے اور اس ضمن میں 6 کروڑ روپئے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اس امر کا انکشاف آج یہاں ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راؤ شنڈے نے مذکورہ اراضی میں رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ کے ہمراہ ہریتا ہارم پروگرام کے تحت شجرکاری انجام دینے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انوہں نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں اربن پارک کی تعمیر کے لئے اس سے بہتر اور کوئی اراضی موجود نہیں ہے۔ مقامی عوام کی خوش بختی ہے کہ انہیں موموں مقام پر تفریح کیلئے ایک سرسبز و شاداب پارک فراہم ہوگا۔ انہوں نے محکمہ جنگلات کے ضلعی عہدیدار کو ہدایت دی کہ وہ اربن پارک کے لئے مختص کردہ اراضی کو خاردار تاروں سے محصور کردیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر وینکٹیشورلو، رکن ضلع پرجا پریشد موہن ریڈی، ٹی آر ایس قائدین بابی، راماروی کرن اور دوسرے موجود تھے۔