ظہیرآباد۔ ایم ایل اے ظہیرآباد کے مانک راؤ اور ایم ایل سی محمد فرید الدین نے سب رجسٹرار آفس کیلئے تعمیر کردہ ذاتی عمارت کا رسمی طور پر افتتاح انجام دیا جو ظہیرآباد سے 8 کیلو میٹر دور موضع ہگیلی کے قریب اور 65 ویں قومی شاہراہ کے کنارے واقع ایک خانگی وینچر میں تعمیر کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ آفس مستقر ظہیرآباد میں ایک غیر کشادہ کرایہ کی عمارت میں کام کررہا تھا۔ بعد ازاں دونوں قائدین نے اپنے خطاب میں ملے جلے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب رجسٹرار آفس کی ذاتی عمارت کی تعمیر سے رجسٹری کے کاموں کی انجام دہی میں آسانی ہوگی اور یہ کہ یہاں پر رجسٹری کروانے والوں کے لئے درکار دیگر سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ان قائدین نے سب رجسٹرار آفس کی ذاتی عمارت کی تعمیر کیلئے اراضی کا عطیہ دینے والے وینچر کے مالک کرشنا ریڈی کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سب رجسٹرار سامیا اور ان کے ماتحتین کے علاوہ ٹی آرایس کے دیگر قائدین سبھاش منکال سابق صدر نشین بلدیہ، ایم جی راملو صدر ٹی آر ایس ظہیرآباد منڈل، جی راجو سرپنچ ہگیلی گرام پنچایت ، مانکیماں سابق رکن ضلع پریشد، ایم جی لکشمن، نارائنا ، بابی، نوین کمار اور دوسرے موجود تھے۔