کوہیر میں ترقیاتی کاموں کے افتتاحی پروگراموں سے بی بی پاٹل، محمد فرید الدین اور دیگر کا خطاب
کوہیر ۔ رکن پارلیمنٹ حلقہ ظہیرآباد بی بی پاٹل ، کے مانک راؤ رکن اسمبلی ظہیرآباد، محمد فرید الدین سابق ریاستی وزیر نے کوہیر منڈل کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ایک کروڑ 6لاکھ روپئے سے زائد رقم سے تعمیر کردہ رعیتو ودیکا بھونس اور کوہیر مستقر پر اگریکلچر آفس موضع بڑم پیٹ میں آنگن واڑی اسکول کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بی بی پاٹل نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کی ترقی کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظہیرآباد میں نمز کمپنی 2100 کروڑروپیوں سے الیکٹریکل موٹر سازی یونٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جہاں پر تقریباً 25 ہزار افراد کو روزگار مہیا ہوگا۔ رکن اسمبلی کے مانک راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے لئے جو اقدامات انجام دے رہی ہے ملک بھر میں کوئی حکومت انجام نہیں دے رہی ہے۔ محمد فرید الدین سابق ریاستی وزیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی سے سنگمیشور لفٹ اریگیشن کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ظہیرآباد، کوہیر کے علاقہ میں زراعت صرف بورویلس کے پانی پر منحصر ہے۔ اس لفٹ اریگیشن سے یہاں کے کسانوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مگڑم پلی منڈل ریاست تلنگانہ میں اونچے مقام پر ہے وہاں پر بھی پانی لفٹ کیا جائے گا۔ محمد فرید الدین نے مزید کہا کہ اگلے چند برسوں میں ظہیرآباد زراعت میں آگے آجائے گا اور نمز کمپنی کے احیاء سے ظہیرآباد آئی ہب میں تبدیل ہوجائے گا۔ اس موقع پر رام داس ضلع پریشد، بی مادھوی صدر نشین کوہیر منڈل ، سید ریاض الدین سنگل ونڈو چیرمین نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر عطیہ جاوید سرپنچ کوہیر نے کہا کہ کوہیر مستقر میں تقریباً سڑکیں خستہ حال ہیں اور گورنمنٹ ہاسپٹل میں جاری کام بہت سست رفتاری سے جاری ہیں جس کی وجہ سے عوام کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس موقع پر کوہیر رعیتو ودیکا بھون کے لئے اراضی عطیہ دینے والے نرسمہا ریڈی اور عبید پٹیل کی شعبہ زراعت اور رکن اسمبلی مانک راؤ نے تہنیت پیش کی۔ موضع دگوال میں مشن بھگیرتا کا پانی لال آنے کی شکایت کی گئی اور موضع میں 25 فیصد مشن بھگیرتا کے کاموں کو ادھورا رکھنے کی شکایت کی گئی جس پر بی بی پاٹل، کے مانک راؤ نے فوری مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر محمد افتخار احمد صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر ٹاؤن، محمد کلیم الدین، عبدالحنان جاوید، محمد سعود شاہد، محمد شاکر علی نائب صدر نشین، محمد جلیل احمد کو آتما کمیٹی ڈائرکٹر، محمد محسن علی ڈپٹی سرپنچ کوہیر، صالح بن قاسم کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔