شامل ہونے والوں میں پرینکا ککڑ، شیام سندر شرما، رجت راکیش اور حاجی ریحان خان کے نام قابل ذکر، دیویندر یادو کی پریس کانفرنس
نئی دہلی۔ 3 اکتوبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کی سابق چیف قومی ترجمان اور سپریم کورٹ کی سینئر ایڈوکیٹ پرینکا ککڑ، اتر پردیش کے سابق ایم ایل اے اور سابق وزیر شیام سندر شرما، سینئر صحافی رجت راکیش ٹنڈن اور اتر پردیش کے سابق میونسپل بورڈ کے چیئرمین حاجی ریحان خان سمیت کئی کونسلرز اور دیگر رہنما ہفتہ کے روز کانگریس میں شامل ہو گئے ۔ کانگریس کے اتر پردیش کے انچارج راجندر پال گوتم، جموں و کشمیر اور لداخ کے انچارج ناصر حسین، ورکنگ کمیٹی کے رکن راجیو شکلا، کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیڑا اور دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران ان رہنماؤں کو پٹا پہنا کر کانگریس کی رکنیت دلائی اور ان کا استقبال کیا۔ گوتم نے تمام رہنماؤں کا کانگریس میں استقبال کرتے ہوئے بی جے پی پر نشانہ لگایا اور کہا کہ بی جے پی ایک آمریت پسند پارٹی ہے اور اس کا جمہوریت اور آئین پر کوئی اعتماد نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی عوام کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے صرف نفرت کی سیاست کرتی ہے ۔ یہ حکومت دھرنا دینے پر روک لگا دیتی ہے جبکہ اس کا حق آئین دیتا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی ہے ؟ بی جے پی کے دورِ حکومت میں مظالم جاری ہیں اور اتر پردیش میں ذات پات کی بنیاد پر استحصال کیا جا رہا ہے ، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں دوسری پارٹیوں کے لوگ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ ایسے حالات میں ملک کو امید کے طور پر صرف راہول گاندھی دکھائی دے رہے ہیں، جو جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی ملک کی امید ہیں اور ان کی نظریات سے متاثر ہو کر بڑی تعداد میں لوگ پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ لداخ سے کنیا کماری تک لوگ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہول گاندھی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر اتر پردیش کے بہرائچ سے حاجی ریحان خان، کونسلر سجن احمد، وشال کمار، سنیل کمار سمیت مختلف جماعتوں سے وابستہ کئی رہنماؤں اور ان کے حامیوں نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔