عابد علی خان ایجوکیشنل ٹرسٹ کے کل اردو امتحانات

   

تمام مراکز پر خصوصی انتظامات ، نگرانکار ٹیموں کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : پروفیسر محمد انور الدین انچارج امتحانات کے بموجب اردو دانی ، زبان دانی ، انشاء کے امتحانات عابد علی خاں ایجوکیشنل ٹرسٹ (ادارہ سیاست ) کے زیر اہتمام ادارہ ادبیات اردو پنجہ گٹہ کے اشتراک و تعاون سے شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ و آندھرا ، علیگڑھ ، دہلی ، گلبرگہ دیگر ریاستوں پر ایک ساتھ 27 جنوری 2019 منعقد ہوں گے ۔ تمام مراکز کے منتظمین و ذمہ داران اور متعلقہ اصحاب کو ہال ٹکٹ و امتحانی میٹریل روانہ کردئیے گئے ہیں ۔ امیدواروں سے خواہش ہے کہ اپنے اپنے مرکز پر 10 منٹ قبل حاضر ہوجائیں جب کہ اوقات صبح 10 تا ایک بجے دن مقرر ہیں ۔ کمسن بچوں سے لے کر گریجویٹس تک کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ نے اردو سیکھ کر شریک امتحان ہونے کے لیے فارم داخل کیا ۔ اسی طرح گھریلو خواتین جو اردو سے ناواقف تھیں ، گھروں پر کتابیں حاصل کر کے شریک امتحان ہورہی ہیں ۔ انہوں نے اپنے قریبی مرکز پر فارم داخل کیا ۔ تمام طلبہ امتحان کی تیاری مکمل کرچکے ہیں ۔ تمام مراکز کے صدر و ٹیچر اگر امتحان لینے کے لیے کچھ ضرورت ہو تو فون نمبر 9553556260 ۔ 040-24744180 (ext.225) پر ربط کریں ۔۔