عادل آباد ۔ اردو کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کے ذریعہ دسویں جماعت کامیاب طلباء کو مفت کمپیوٹر ٹریننگ کی فراہمی عمل میں لانے کا ضلع اقلیتی بہبود آفیسر عادل آباد محترمہ جی کرشناوینی نے اعلان کیا ۔ اپنی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ میں انہوں نے بتایا کہ ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن کی جانب سے ضلع مستقر عادل آباد پر قائم اردو کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا احیاء عمل میں لایا جارہا ہے اور اس کیلئے دسویں جماعت کامیاب طلباء و طالبات سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں ۔ 35 سال سے کم عمر طلباء و طالبات اس مفت 6 ماہی کمپیوٹر کورس میں داخلہ کیلئے دسویں جماعت کامیاب سرٹیفکیٹ ، آدھار کارڈ زیراکس 3 عدد تصاویر کے ہمراہ دفتر اقلیتی بہبود ، واقع نزد انڈور اسٹیڈیم ، عادل آباد یا اردو لائبریری واقع قدیم بس اسٹانڈ ، عادل آباد سے حاصل و داخل کرسکتے ہیں ۔ مزید تفصیلات کیلئے امیدوار راست دفتر اقلیتی بہبود عادل آباد یا پھر دفتر کے فون 087732-356087 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔
میدک میں مہلوک طلبہ کے ورثاء کو پرسہ
میدک ۔ میدک کے کلچرم رنگم پیٹ پر 28 جون کو پیش آئے ٹراکٹر حادثہ میں فوت دو اسکولی بچوں کا تعلق میدک ٹاون سے ہے ۔ مہلوک بچوں کی نعشوں کا آج 29 جون کو پوسٹ مارٹم انجام دیتے ہوئے نعشوں کو ورثاء کے حوالے کردیا ۔ سرکاری دواخانے کو ایم ایل اے میدک پدما دیویندر ریڈی اور ایم ایل اے نرساپور مدن ریڈی کے پہونچکر معصوم بچوں کی نعشوں کا دیدار کیا ۔ اور ارکان خآندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا ۔ ایم ایل اے میدک پدما ریڈی نے دونوں خاندانوں کو اپنی جانب سے فی کس 20 ہزار کی امداد کی اور ان کو حسب تعلیم آوٹ سورسنگ نظام کے تحت ملازمت فراہم کرنے اور ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کرنے کا تیقن دیا ۔پدما ریڈی کے ہمراہ قائدین ٹی آر ایس راگی اشوک ، ایس سی ویلفیر آفیسر وجئے لکشمی اور دیگر موجود تھے ۔