حیدرآباد 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) عادل آباد ضلع کے گڈی ہٹنور میں لڑکی کے رشتہ داروں نے مبینہ طور پر اغواء اور عصمت ریزی کے الزام میں مشتبہ شخص کے مکان پر حملہ کردیا۔ مشتعل دیہاتیوں کو جب پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو غصہ میں دیہاتوں نے مشتبہ شخص کے مکان کے علاوہ پولیس کی دو گاڑیوں کو آگ لگادی اور توڑ پھوڑ کی۔ اس حملہ میں انسپکٹر اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ایک نوجوان نے مبینہ طور پر ایک نوجوان خاتون کا اغواء کرلیا تھا اور اسے اپنے گھر میں قید کرلیا تھا۔ اس نے مبینہ طور پر اس کی عصمت ریزی کی اور جیسے ہی اس کا پتہ اس کے رشتہ داروں کو ہوا رشتہ دار مشتبہ شخص کے مکان پہونچے اور حملہ کرنا شروع کردیا۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کو ملتے ہی پولیس فوراً مقام پر پہنچ گئی اور زخمی شخص کو فوراً علاج کے لئے دواخانہ منتقل کیا۔ مشتعل دیہاتیوں نے پولیس کی گاڑیوں پر حملہ کرکے نقصان پہنچایا اور گاڑیوں کو جلادیا۔ اس واقعہ میں اچوڈہ سرکل انسپکٹر بھیمیش اور دیگر پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ ضلع ایس پی غوث عالم کی ہدایت پر ڈی ایس پی جیون ریڈی نے زخمی پولیس اہلکاروں کو دواخانہ منتقل کیا۔ ایس پی غوث عالم زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کرنے کے بعد مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔ (ش)