عادل آباد میں ایئرپورٹ کاقیام ‘سمنٹ فیکٹری کے احیاء کاتیقن

   

کانگریس سرپنچ منتخب کرنے پرمواضعات کی ترقی ہوئی ‘ بی آرایس نے ریاست کوقرض میںڈبودیا‘چیف منسٹرکاخطاب
عادل آباد۔4؍دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جاریہ ماہ منعقد ہونے والے گرام پنچایت انتخابات میںکانگریس امیدواروں کو سرپنچ کیلئے منتخب کرنے سے مواضعات کی ترقی ہوسکتی ہے ۔جبکہ مواضعات کی ترقی کاذمہ دار سرپنچ ہواکرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹرریونت ریڈی نے مستقر عادل آبادکے اندراپریہ درشنی اسٹیڈیم میں ایک جلسہ عام سے اپنے خطاب کے دوران کیااور متحدہ عادل آبادکو ہر شعبہ میں ترقی دلانے کاتیقن دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو تعلیمی سہولت فراہم کرنے کی خاطریونیورسٹی کاقیام بیروزگارافرادکو روزگار سے مربوط کرنے عادل آباد سمنٹ فیکٹری کا احیاء اور عادل آباد میں ایئرپورٹ کاقیام عمل میںلاتے ہوئے سفرکرنے والے افراد کو سہولت فراہم کرنے کاتیقن بھی دیا۔مسٹرریونت ریڈی اپنے نصف گھنٹہ کے خطاب میں کہاکہ تمام ترقیاتی و تعمیری کاموں کیلئے مرکزی حکومت کا تعاون کررہی ہے ۔شہ نشین پرموجودبی جے پی رکن لوک سبھامسٹرجی ناگیش اور عادل آباد رکن اسمبلی مسٹرپائل شنکرسے خواہش کی کہ وہ مرکزی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے ریاستی حکومت کوامداد فراہم کریں۔ کانگریس حکومت کی ریاست میں بہترکارکردگی کاتذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ خواتین کیلئے مفت بس کی سہولت‘دوسو یونٹ برقی سربراہی ‘باریک چاول کی فراہمی ‘ پکوان گیس 500روپئے میں کے علاوہ دیگر تفصیلات پیش کیں۔اندرماں راجیم کے ذریعہ بے گھرافرادنے خاندان کو رہائشی مکانات فراہم کرنے پانچ لاکھ روپئے فراہم کیے جارہے ہیں۔ اپنے خطاب میںسابق حکومت پرتنقیدکرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سابق حکومت ریاست میں ترقیاتی کام کرنے میںناکام رہتے ہوئے ریاست پرایک بڑے قرض کا بوجھ ڈال چکی ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ کاتذکرہ کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کالیشورم پراجکٹ کی خاطرخواہ تعمیرنہیں ہوسکی ۔ بی آرایس پارٹی کے کسی قائدکا نام لیے بغیر چیف منسٹرنے ان کے خاندان پر الزام عائدکیاکہ یہ خاندان رقمی لین دین کے معاملہ میں الجھا ہوا ہے ۔چیف منسٹرنے کہاکہ دوسال کے دوران 60ہزار ملازمتیں فراہم کی گئیںہیں‘آئندہ 40ہزار ملازمتیں فراہم کرنے اور بیلا منڈل میں جونیئرو ڈگری کالج قائم کرنے کا بھی تقین دیا۔جبکہ اس کی نمائندگی عادل آباد رکن اسمبلی مسٹرپائل شنکر نے کی تھی ۔ قبل ازیں مسٹرپائل شنکر‘عادل آباد ایم پی مسٹرجی ناگیش ‘مسٹرجی ویویک‘مسٹرسدرشن ریڈی ‘عادل آباد ضلع انچارج مسٹرجوپلی کرشنارائونے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بی آرایس حکومت پرجہاں تنقید کی وہیں کانگریس حکومت کی دوسالہ کارکردگی کی بھرپور ستائش کی ۔ اس موقع پرشہ نشین پراردواکیڈیمی چیئرمین مسٹرطاہر بن حمدان ‘عادل آباد اسمبلی انچارج مسٹرکنڈی سرینواس ریڈی ودیگر قائدین بھی موجود تھے ۔