عادل آباد۔ 15؍مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ عادل آباد چیریٹیبل ٹرسٹ بھی عادل آباد کے علاوہ اطراف و اکناف کے مواضعات سے تعلق رکھنے والی ضرورت مند خواتین میں رمضان پیکیج تقسیم کرتے ہوئے انھیں بھی عید کی خوشیوں میں برابر کا شامل کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر عادل آباد بی آر ایس پارٹی ضلع صدر جوگو رامنا نے مستقر عادل آباد میں عادل آباد چیریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے 485 مستحق خواتین میں رمضان پیکیج تقسیم کے موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں کیا اور اس موقع پر عادل آباد چیریٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ داروں میں چیرمین یونس اکبانی، معتمد سید یعقوب کی خدمات کی بھرپور ستائش کی۔ قبل ازیں اپنے افتتاحی کلمات میں یونس اکبانی نے حیدرآباد کے مسقطی ٹرسٹ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے عادل آباد چیریٹیبل ٹرسٹ پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے 500 راشن کٹ (ایک راشن کٹ تقریباً ایک ہزار روپئے کا ہے) بذریعہ لاری عادل آباد منتقل کرایا جن کی آج سابق ریاستی وزیر جوگو رامنا نے مستحق بیوہ گان میں فراہم کرنے کا رسمی طور پر افتتاح کیا جب کہ اس تقریب میں عادل آباد ضلع صدر قاضی سید ندیم الدین، محمد عظیم بانی سمعا للبنات دینی مدرسہ، حافظ حسین کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر جوگو رامنا کی شال پوشی کی گئی۔ واضح رہے کہ ورلڈ میمن آرگنائزیشن (ممبئی) کی جانب سے 200 کنٹل چاول کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔