حیدرآباد۔/12 جون، ( سیاست نیوز) عادل آباد میں سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پیش کرنے کے خلاف کل رات مسلمانوں نے زبردست احتجاج کیا۔ احتجاج کے بعد پولیس نے قابل اعتراض مواد پیش کرنے والے نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ عادل آباد ٹاون میں کل رات دیر گئے تک صورتحال کشیدہ رہی تاہم آج صورتحال پُرامن اور قابو میں بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ مسلمانوں نے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاج کیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج کے ذریعہ منتشر کرنے کی کوشش کی۔ اسلام اور پیغمبر اسلام کے خلاف توہین آمیز ویڈیو پیش کرنے پر مسلمانوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اسی دوران سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈی ادئے کمار نے ون ٹاون پولیس اسٹیشن پہنچ کر احتجاجیوں سے بات چیت کی اور انہیں ایف آئی آر کی کاپی حوالے کی۔ انہوں نے مقامی افراد سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور امن و امان کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر قابل اعتراض مواد پیش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ر