عادل آباد میں جمعیۃ علماء کے انتخابات

   


عادل آباد : ضلع جمعیۃ علماء عادل آباد کی زیرنگرانی ریاستی صدر تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا حافظ پیر شبیر احمد کی ہدایت پر ضلع عادل آباد کے منڈل جات کے انتخابات حافظ ابوبکر کی نگرانی میں عمل میں لائے گئے۔ 6 مارچ کو ضلع جمعیۃ کے ذمہ داران نے اوٹنور، گوڈی ہتنور، ایجورہ، نرڈی گنڈہ کا ہنگامی دورہ کرتے ہوئے مقامی علماء و ائمہ کی بھرپور تائید کے بعد مذکورہ منڈل جات کے انتخابات عمل میں لائے۔ اوٹنور سرپرست کی حیثیت سے جناب حسین بن سالم، صدر کے لئے مولانا کلیم، نائب صدر کے لئے مولانا مقیم منتخب کئے گئے۔ جبکہ اراکین کے لئے 15 افراد کو شامل کیا گیا۔ اسی طرح ایجوڑہ و نرڈی گنڈہ کے لئے مولانا ابراہیم کو صدر، نائب صدر مولانا اظہر، جنرل سکریٹری مولانا شکیل (نرڈی گنڈہ)، جوائنٹ سکریٹری حافظ عمران، خازن حافظ عبدالعظیم منتخب کئے گئے۔ بعدازاں گڈی ہتنور، اندرویلی منڈل جات صدر کے لئے مولانا شمیم، نائب صدر مفتی عرفان، جنرل سکریٹری مولانا رضوان اسعدی، خازن مولانا عبدالرحیم منتخب کئے گئے۔ اس موقع پر مولانا حسین بن سالم سابق صدر جمعیۃ علماء اوٹنور کی بہتر کارکردگی اور اعتراف خدمات کے ضمن میں نومنتخب صدر مولانا کلیم نے شال پوشی کرتے ہوئے انھیں اپنا سرپرست قرار دیا۔ اس موقع پر عادل آباد جمعیت علماء کے وفد میں حافظ ابوبکر کے علاوہ مولانا اسلم نہدی، مفتی عثمان، مفتی ناصر، مفتی مصطفی مظاہری، مولانا اسلم ندوی، حافظ محمد علی، محسن حمدان موجود تھے۔