عارضی سکریٹریٹ بی آر کے آر کے اطراف ٹرافک جام کا مسئلہ

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت کی جانب سے موجودہ سکریٹریٹ کو منہدم کرتے ہوئے اس کے مقام پر نئے سکریٹریٹ کی تعمیر تک بی آر کے آر بھون نزد ٹینک بنڈ کو عارضی سکریٹریٹ بنایا گیا ہے اور اس عمارت کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظامات کردئیے ہیں جب کہ پارکنگ کے لیے ایم ایل اے کوارٹرس کا انتخاب کیا گیا ہے لیکن ان تمام انتظامات کے اثرات پر کسی نے توجہ نہیں دی ۔ عارضی انتظامات کی تمام تر توجہ بی آر کے آر بھون اور اس کا رخ کرنے والے سرکاری عہدیداروں کو سہولیات فراہم کرنے پر کی گئی ہے لیکن سخت سیکوریٹی اور اس عمارت کے اطراف کے راستوں پر گاڑیوں کی زیادہ آمد و رفت سے ہونے والے ٹرافک مسائل شاید حکام کے ذہن میں ہی نہ رہے ہوں ۔ بی آر کے آر بھون کے سامنے ٹینک بنڈ پیچھے بشیر باغ ، نامپلی ، لکڑی کا پل ، حمایت نگر اور دوسرے راستوں کا رخ کرنے والی ٹرافک کا بہاؤ زیادہ ہوتا ہے لیکن سخت ترین سیکوریٹی اور سرکاری عہدیداروں کی زیادہ گاڑیوں کی آمد و رفت سے ان راستوں پر ٹرافک جام کے مسئلہ کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔۔