محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ماہانہ گرین چیانل کے ذریعہ تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 24۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آؤٹ سورسنگ و کنٹراکٹ ایمپلائیز کی تنخواہیں بروقت جاری نہ کرنے پر محکمہ فینانس کے حکام پر برہمی کا اظہار کرکے آئندہ سے وقت پر تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت دی۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ چیف منسٹر نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ وقت پر عارضی طور پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہیں ادا کردیں۔ باوجود اس کے تاخیر پر چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ لوگ انداز کارکردگی میں تبدیلی نہیں لائیں گے؟ گرین چیانل کے ذریعہ آؤٹ سورسنگ اور کنٹراکٹ ایمپلائیز کی تنخواہیں ہر ماہ جاری کرنے کی ہدایت کے باوجود اس پر عمل نہ ہونے کی وجہ دریافت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہیں اضلاع سے عارضی ملازمین کی شکایت مل رہی ہے کہ ان کے مسائل کے تعلق سے انٹلیجنس اور ایس بی کے علاوہ ایمپلائیز تنظیموں کی جانب سے بھی شکایتیں وصول ہورہی ہیں۔ باوجود اس کے محکمہ فینانس کنٹراکٹ ایمپلائیز کی تنخواہوں کی اجرائی میں ٹال مٹول کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ دو دن قبل چیف منسٹر نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے اس پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کنٹراکٹ آؤٹ سورسنگ ملازمین کو گرین چیانل سے تنخواہیں ادا کرنے کی ہدایت دی جاچکی ہے، اس پر عمل نہ ہونے کی محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں سے وجہ طلب کی جس پر محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے دیئے گئے جواب پر چیف منسٹر نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی تنخواہیں کم ہوتی ہیں، اس پر بروقت جاری کرنے پر مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں عوامی حکومت تشکیل پانے کے بعد سرکاری ملازمین کو مہینہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہیں جاری کی جارہی ہیں۔ عارضی ملازمین کی تنخواہوں کو بھی بروقت جاری کرنے زیادہ سے زیادہ پہلے ہفتہ میں جاری کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرکاری اسکیمات ، ترقیاتی اقدامات پر زیادہ سے زیادہ توجہ دیتے ہوئے عہدیدار کاموں میں تیزی پیدا کریں ۔ مستقل ملازمین کے ساتھ کنٹراکٹ اور آؤٹ سورسنگ ملازمین کو بھی بروقت تنخواہیں ادا کرنے کے اقدامات کریں۔ ریاست میں دو لاکھ سے زائد آؤٹ سورسنگ ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ کئی ماہ تک ان کی تنخواہوں کو زیر التواء رکھا جارہا ہے ۔ عارضی ملازمین کی تنظیمیں حکومت اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ متعلقہ وزراء سے تنخواہوں کی اجرائی کیلئے نمائندگی کر رہے ہیں، باوجود اس کے تنخواہوں کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے جس کی وجہ سے عارضی ملازمین حکومت سے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کو مختلف ذرائع سے اس کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں کو عارضی ملازمین کو بروقت تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت دی۔2