عازمین حج کو دو اقساط کی ادائیگی کیلئے 31 جنوری تک مہلت

   

حیدرآباد ۔23۔جنوری (سیاست نیوز) حج 2025 کے ایسے عازمین جن کا ویٹنگ لسٹ کے تحت انتخاب عمل میں آیا ہے، انہیں سفری اخراجات کی پہلی اور دوسری قسط کی ادائیگی کی مہلت میں توسیع دی گئی ہے۔ پہلی اور دوسری قسط کی مجموعی رقم 272300 روپئے کی ادائیگی کیلئے 23 جنوری آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر تاریخ میں 31 جنوری تک توسیع کی گئی ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا نظیم احمد نے بتایا کہ آخری تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اقساط کی ادائیگی آن لائین کی جاسکتی ہے جس کیلئے حج سویدھا ایپ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ عازمین حج اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کراسکتے ہیں۔ ادائیگی کے بعد تفصیلات مقامی حج کمیٹی کے دفتر میں داخل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی تیسری قسط کی رقم کا تعین فضائی کرایہ اور سعودی عرب میں اخراجات کے تعین کے بعد کیا جائیگا۔1