صدرنشین حج کمیٹی خسرو پاشاہ نے معائنہ کیا، عازمین کو صحت کی برقراری کا مشورہ
حیدرآباد ۔23 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2026 کے عازمین کے لئے ٹیکہ اندازی کا آج تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے اہتمام کیا گیا ۔ عازمین حج کو بیماریوں سے پاک رکھتے ہوئے مناسک حج کی موثر انداز میں ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا نے ہیلت چیک اپ اور ٹیکہ اندازی کو لازمی قرار دیا ہے۔ عازمین کی جانب سے ہیلت فٹنس سرٹیفکٹ داخل کیا جارہا ہے ۔ ٹیکہ اندازی کے سلسلہ میں آج حیدرآباد میں سات مختلف مراکز کا قیام عمل میں آیا جہاں ماہر ڈاکٹرس کی ٹیم عازمین کو ٹیکہ اندازی میں مصروف ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے نامپلی ایریا ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ہاسپٹل کا دورہ کرتے ہوئے ٹیکہ اندازی کیمپ کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹرس نے ٹیکہ اندازی کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات سے واقف کرایا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ اپنے قریبی مراکز پہنچ کر ٹیکہ اندازی میں شامل ہوں تاکہ حج کے دوران صحت مند رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال مرکزی حکومت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے عازمین کی صحت کی برقراری پر خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران دھوپ کی شدت کے علاوہ عازمین کو زیادہ تر مسافت پیدل طئے کرنی پڑے گی ، لہذا عازمین حج کا مکمل طور پر صحتمند ہونا ضروری ہے۔ حج کمیٹی کی جانب سے تربیتی کیمپس میں عازمین کو روزانہ چند کلو میٹر پیدل چلنے کی ترغیب دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحتمند شخص دوسروں کے مقابلہ مناسک حج بہتر امراض میں انداز میں ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلت چیک اپ اور ٹیکہ اندازہ کے معاملہ میں حج کمیٹی کے عہدیدار اور ملازمین مکمل رہنمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے 28 مارچ کو خواتین کیلئے ٹریننگ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج 2026 کے موثر انتظامات کیلئے حج کمیٹی نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔1