وزیرداخلہ کے اجلاس پر جی ایم آر عہدیداروں کا تیقن، نماز گاہ اور نشستوں کے خصوصی انتظامات، صدرنشین حج کمیٹی نے ایرپورٹ کا دورہ کیا
حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے عازمین حج کے لئے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر روانگی کے علیحدہ انتظامات سے جی ایم آر کمپنی کے حکام نے اتفاق کرلیا ہے۔ شمس آباد ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی برخاستگی کے بعد حکام نے مین ٹرمنل سے عازمین کی روانگی کا فیصلہ کیا تھا۔ دیگر انٹرنیشنل مسافرین کے ساتھ عازمین حج کو شامل کرنے سے دشواریوں کا اندیشہ تھا۔ ضعیف العمر عازمین کو ضروری فارمس کی تکمیل اور لگیج کی منتقلی میں دشواریوں کو دیکھتے ہوئے وزیرداخلہ محمد محمود علی اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے جی ایم آر کمپنی کے عہدیداروں کو بات چیت کیلئے مدعو کیا تھا۔ اجلاس میں حج پروازوں کیلئے بیگم پیٹ ایرپورٹ استعمال کرنے کی تجویز پیش کی گئی جس پر جی ایم آر عہدیداروں نے کہاکہ مرکز سے اِس سلسلہ میں اجازت کے حصول میں وقت لگ سکتا ہے۔ عازمین کی پروازیں 20 جون سے شروع ہورہی ہیں لہذا شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کے لئے علیحدہ ٹرمنل کی طرح خصوصی گوشہ الاٹ کیا جائے گا جہاں دیگر مسافرین کا کوئی دخل نہیں ہوگا۔ جی ایم آر حکام نے عازمین کے لئے نماز گاہ اور نشستوں کے اہتمام سے اتفاق کیا۔ ایک فلائٹ میں 330 عازمین رہیں گے ایسے میں تمام عازمین کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں وزیرداخلہ اور صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی کے علاوہ صدرنشین وقف بورڈ مسیح اللہ خان، سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم، ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ، سابق ایکزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور اور جی ایم آر کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ طویل مذاکرات کے دوران وزیرداخلہ اور صدرنشین حج کمیٹی نے واضح کیاکہ انتظامات میں کوتاہی سے حکومت کی نیک نامی متاثر ہوگی۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ عازمین حج کے لئے مؤثر انتظامات کی ہدایت دے چکے ہیں اور جی ایم آر کو ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کی طرح انتظامات کرنے چاہئیں۔ جی ایم آر عہدیداروں نے عازمین حج کی مدد کے لئے حج کمیٹی کے والینٹرس کو داخلہ کی اجازت دینے اور ضعیف العمر عازمین کے طیارہ میں سوار ہونے کا خصوصی انتظام کرنے سے اتفاق کیا۔ اُنھوں نے یقین دلایا کہ جاریہ سال مین ٹرمنل سے روانگی میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حج ہاؤز سے ایرپورٹ تک عازمین حج کی روانگی کے لئے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں پر 60 لاکھ روپئے سے زائد خرچ کرنے کے بجائے ٹنڈر طلب کئے جائیں گے۔ کئی خانگی اداروں نے 10 تا 15 لاکھ روپئے میں بسوں کے انتظامات کا پیشکش کیا ہے۔ گزشتہ مرتبہ آر ٹی سی کو حج کمیٹی کی جانب سے 60 لاکھ سے زائد ادا کئے گئے تھے۔ اجلاس کے بعد صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عہدیداروں کے ہمراہ ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے خصوصی علاقہ کی نشاندہی کی جہاں سے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ انتظامات میں کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عازمین حج کے لئے نشستوں کے علاوہ ٹائلیٹس کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ لگیج کی منتقلی کے لئے کنویر بیلٹ کا انتظام رہے گا۔ حج کمیٹی کے عہدیدار وقتاً فوقتاً ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ ر