عازمین حج کیلئے پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ میں 28 اپریل تک توسیع

   

حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2023 کے منتخب عازمین حج کیلئے سفری اخراجات کی پہلی قسط ایک لاکھ 70 ہزار روپئے کی ادائیگی کیلئے تاریخ میں 28 اپریل تک توسیع کردی ہے۔ ابتداء میں 24 اپریل تک یہ مہلت دی گئی تھی۔ مختلف ریاستی حج کمیٹیوں کی نمائندگی پر تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی چیف ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا شارق عالم نے تمام ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکلر جاری کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی ہے۔ تلنگانہ میں حج 2023 کیلئے 5278 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا جن میں سے تقریباً 4650 عازمین نے پہلی قسط کی رقم جمع کرادی ہے۔ تاریخ میں توسیع کے نتیجہ میں باقی عازمین حج کو ادائیگی کا موقع ملے گا۔ اسی دوران تلنگانہ حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے تحت 1 سے 1200 تک کے عازمین حج سے اوریجنل پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات یکم مئی تک جمع کرانے کی خواہش کی ہے۔ منتخب عازمین حج کے سفر کی منسوخی کی صورت میں ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو روانگی کا موقع حاصل ہوگا۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے مطابق عازمین کا انتخاب ہوگا۔ر