وزارت خارجہ سے مکتوب کی روانگی، خصوصی کائونٹرس اور عہدیداروں کی تعیناتی کا مشورہ
حیدرآباد۔ 23 اکٹوبر (سیاست نیوز) حج 2020ء کے عازمین حج کے لیے پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی کے سلسلہ میں تمام ریجنل پاسپورٹ آفسرس اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے سرکولر جاری کیا گیا ہے۔ جوائنٹ سکریٹری و چیف پاسپورٹ آفیسر حکومت ہند وزارت خارجہ نے سرکولر جاری کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا مقصود احمد خاں کو نقل روانہ کی۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے 10 نومبر تک حج درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔ قواعد کے مطابق صرف ایسے افراد درخواست دے سکتے ہیں جن کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا پاسپورٹ موجود ہو جو 10 نومبر 2019ء سے قبل جاری کردہ ہو جس کی مہلت 20 جنوری 2021ء تک ہونی چاہئے۔ تمام پاسپورٹ آفسوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ عازمین حج کے پاسپورٹس کی بروقت اجرائی کو یقینی بنائے اور پولیس ویریفکیشن اور دیگر شرائط کی مقررہ مدت میں تکمیل کریں۔ اگرچہ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی مہم شروع کی ہے تاہم لمحہ آخر میں پاسپورٹ کے لیے درخواستوں کی اجرائی کا امکان رہتا ہے۔ لہٰذا تمام پاسپورٹ دفاتر کے عہدیداروں سے خواہش کی گئی کہ وہ درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کے لیے نوڈل آفیسر کو نامزد کریں۔ خصوصی کائونٹرس قائم کئے جائیں اور حج درخواست گزاروں کے لیے اپوائنٹمینٹ سلاٹ محفوظ رکھا جائے تاکہ ان کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی ہوسکے۔