حیدرآباد /26 جون ( سیاست نیوز ) عاشقی میں بہن کے ساتھ دھوکہ ایک بھائی کے سارق بننے کا سبب بن گیا ۔ پولیس کے بھیس میں عاشق جوڑوں کو نشانہ بنانے اور جبراً وصولی کرنے والے اس شاطر فرضی پولیس کو حقیقی پولیس نے بالاآخر گرفتار کرلیا اور نقلی پولیس والے کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ اس سلسلہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کمشنریٹ مسٹر مہیش بھگوت نے بتایا کہ 38 سالہ چنتلہ چیرو عرف چندریا عرف چندرا شیکھر ساکن میڑپلی اپل کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس کے قبضہ سے 9.5 تولہ طلائی زیورات اور تین لاکھ روپئے نقد رقم کے علاوہ دیگر اشیاء کو ضبط کر لیا ہے ۔ چندو پیشہ سے آٹو ڈرائیور بتایا گیا ہے ۔ جو تقریباً 30 واقعات میں ملوث ہے ۔ جن میں سے 26 واقعات میں متاثرین پولیس سے رجوع نہیں ہوئے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی ایس ایل بی نگر اور عبداللہ پور میٹ پولیس کے اشتراک سے چندو کو گرفتار کرلیا ۔جو عبداللہ پور میٹ کے علاقہ میں سرویس روڈ سے گذر رہا تھا ۔ اس نے شادی کے بعد ذاتی ٹراویل ایجنسی کھول لی اور کاروبار کرنے لگا ۔ اس دوران ایک شخص نے اس کی بہن کو دھوکہ دیا جو اس سے عاشقی کرتا تھا ۔ جس کے بعد سے چندو عاشق جوڑوں سے نفرت کرنے لگا اور سنسان مقامات پر جاکر عاشق جوڑوں کو ہراساں کرتا تھا اور خود کو پولیس ظاہر کرتے ہوئے ان سے رقم اور طلائی زیورات چھین لیا کرتا تھا ۔ پولیس سمجھتی ہے کہ شائد اسی وجہ سے متاثرہ افراد پولیس تک رجوع نہیں ہوپائے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر ایسا محسوس ہو یا پھر وہ خود متاثر ہوں تو فوری مقامی پولیس اسٹیشن سے مسئلہ کو رجوع کریں اور شکایت درج کروائیں ۔
