عاشورہ کے موقع پر کربلا میں ہزاروں شیعہ زائرین جمع

   

بغداد ۔ 7 جولائی (ایجنسیز) عراقی شہر کربلا میں یوم عاشور کے موقع پر دنیا بھر سے آنے والے بیسیوں ہزار شیعہ زائرین جمع ہیں۔ یوم عاشور یا محرم کے اسلامی مہینے کی 10 تاریخ کو ہر سال سانحہ کربلا کی یاد منائی جاتی ہے۔ عراق کے دارالحکومت بغداد سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کربلا میں دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے ان ہزارہا شیعہ سوگواران کی اکثریت عاشورہ سے ایک روز قبل کل ہفتہ 5 جولائی کو ہی کربلا پہنچ گئی تھی۔ کربلا میں ان زائرین کی آمد اور موجودگی کا مقصد آج سے 1345 برس قبل پیش آنے والے ان واقعات کی یاد تازہ کرنا ہے، جو اسی شہر میں 680ء میں ہونے والی جنگ کے دوران پیش آئے تھے۔ کربلا کی جنگ میں پیغمبر اسلامؐ کے نواسے امام حسینؓ اور ان کے بیسیوں ساتھیوں نے اپنی جانیں دے دی تھیں۔ دس محرم کے دن انہی المناک واقعات کی یاد میں کربلا میں موجود ہونا اور وہاں عزا داری کرنا دنیا بھر کے شیعہ مسلمانوں کے لیے ایک انتہائی اہم مذہبی موقع ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ امام حسین کے چہلم کے موقع پر بھی دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں شیعہ زائرین عزا داری اور زیارتوں کے لیے کربلا کا رخ کرتے ہیں، جسے اصطلاحاً اربعین کہا جاتا ہے۔ ساتویں صدی عیسوی کی نویں دہائی کے آغاز پر پیش آنے والے واقعہ کربلا کی اسلام میں اور خاص طور پر شیعہ مسلمانوں کے لیے اہمیت انتہائی کلیدی نوعیت کی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ پیغمبر اسلامؐ کے نواسے امام حسینؓ نے تب اپنے خاندان کے تقریباً سبھی مرد ارکان اور ساتھیوں کے ہمراہ اس لیے لڑ کر اپنی جان دے دینے کو ترجیح دی تھی کہ وہ بنو امیہ سے تعلق رکھنے والے اس وقت کے خلیفہ کے ہاتھ پر بیعت نہیں کرنا چاہتے تھے۔