عالمی اداروں کو حیدرآباد میں سرمایہ کاری کی دعوت

   

شعبہ سائنس و ٹکنالوجی میں مواقع، انٹرنیشنل کانفرنس سے بھٹی وکرمارکا کا خطاب

حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حیدرآباد سائنس اور نئی تخلیقات کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو کے دور سے ہی حیدرآباد میں نامور ادارے قائم کئے گئے ۔ بھٹی وکرمارکا آج حیدرآباد میں اسپیس اکنامی اور بائیو میمکری کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ بائیو انسپائیڈ فرنٹیئرس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ عالمی سطح کے اداروں کا مرکز بن چکا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے عالمی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹس اور دیگر تخلیقی اداروں کے قیام کیلئے سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت سائنس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے سائنسدانوں اور تخلیق کاروں کا تلنگانہ میں خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں عالمی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیالوجی اور دیگر شعبہ جات میں ٹکنالوجی کے فروغ میں کانفرنس اہم رول ادا کرے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو کے دور میں حیدرآباد میں کئی سائنسی تحقیقی ادارے قائم کئے گئے جن میں نیشنل ریموٹ سنسنگ سنٹر شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آر ڈی او کے علاوہ دیگر دفاعی تحقیقی ادارے ڈی آر ڈی ایل ، ڈی ایم آر ایل حیدرآباد میں قائم کئے گئے۔ بھارت ڈائنمکس لمٹیڈ ، مدھانی اور ای سی آئی ایل جیسے عوامی شعبہ کے ادارے قائم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبہ سے ہم آہنگ کرنے میں حکومت تعاون کرے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے حیدرآباد اور اس کے اطراف قائم کئے جانے والے مختلف کلسٹرس کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے موزوں مقام میں حیدرآباد کا شمار کیا جاتا ہے ۔1