ویٹکن سٹی ۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ عالمی طاقتوں کی بیحسی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ انسانوں کی تکالیف اور اذیت ان کو نظر نہیں آرہی اور اسی نظراندازی کے سبب مسائل دن بہ دن بڑھتے جارہے ہیں۔ برطانوی میڈیاکے مطابق کرسمس کے موقع پر پوپ فرانسس نے ویٹکن میں خطاب کیا جس میں انہوں نے شام، یمن، عراق، افریقہ، یورپ اور ایشیا کے المیوں کا ذکر کیا۔ کورونا سے متعلق کہا کہ اس وبا نے تنازعات کو سلجھانے کی کوششوں میں مزید رکاوٹیں پیدا کردی ہیں۔ پوپ فرانسس نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر مسائل کے حل کیلئے مذاکرات سے بچنے کی کوشش کی جاتی ہے اور یہی طرز عمل دنیا کے مسائل میں تیزی سے اضافے کا سبب بنتا ہے۔ پوپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ المیے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ ہم اس کے عادی ہوچکے ہیں، کوئی بھی مسئلہ ہوتا ہے اْس پر خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔