عالمی فوجی اخراجات نئی بلند ترین سطح پر

   

نیویارک؍ برلن؍ بیجنگ؍ واشنگٹن : سپری کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سن 2024 میں عالمی فوجی اخراجات نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سال جرمنی کے دفاعی بجٹ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق سن دو ہزار چوبیس میں سو سے زائد ممالک نے گزشتہ برس کے مقابلے میں اپنے فوجی اخراجات بڑھائے۔ یورپ اور مشرق وسطیٰ میں اس اضافہ کی شرح خاص طور پر نمایاں رہی، جس کی بڑی وجہ یوکرین اور غزہ کی جنگیں قرار دی گئی ہیں۔ گزشتہ سال عالمی فوجی اخراجات ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، جن کی مجموعی مالیت 2.7 کھرب ڈالر (2.38 کھرب یورو) سے تجاوز کر گئی۔ یہ 2023ء کے مقابلہ میں 9.4 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ دس برسوں سے دنیا بھر میں فوجی اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں تاہم 2024 میں سرد جنگ کے خاتمہ کے بعد کسی ایک برس میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یورپ میں جرمنی نے سب سے زیادہ رقوم دفاع پر خرچ کی ہیں۔ مسلسل تیسرے سال بھی جرمنی نے اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا۔ سپری کے مطابق جرمنی نے اس مد میں 88.5 ارب ڈالر خرچ کیے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جرمنی دنیا میں سب سے زیادہ فوجی اخراجات کرنے والے ممالک میں چوتھے نمبر پر آ گیا۔ گزشتہ سال جرمنی اس فہرست میں ساتویں نمبر پر تھا۔ 2024 میں دفاعی اخراجات کے حوالے سے پہلے نمبر پر امریکہ، دوسرے پر چین اور تیسرے نمبر پر روس ہے۔