عالمی قائدین کا صدر اردغان سے تعزیتی رابطہ ہنوز جاری

   

انقرہ : گزشتہ روز دارالحکومت انقرہ کے صدارتی کامپلکس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے 6 فروری کو آئے اور 11 صوبوں کو بُری طرح متاثر کرنے والے زلزلے میں جاں بحق افراد کے لئے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد صحتیاب ہونے کی دعا کی ہے۔ صدر رجب طیب اردغان سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔دونوں قائدین کے درمیان ہوئی ملاقات کی پریس کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔دریں اثنا ء فلسطینی صدر محمود عباس، انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے بھی صدر اردغان کو فون کر کے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔ملاقات اور ٹیلی فونک رابطے پر ان رہنماؤں نے ترکیہ کی حمایت اور ترک عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔