عالمی نمبر 185 آرتھر فیری نے 20ویں سیڈ کوبولی کو شکست دی

   

میلبورن، 18 جنوری (آئی اے این ایس) عالمی نمبر185 اور برطانوی کوالیفائرآرتھر فیری نے آسٹریلین اوپن 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنمنٹ کا پہلا بڑا حیران کن نتیجہ فراہم کیا۔ فیری نے ٹورنمنٹ کے افتتاحی دن 20 ویں سیڈ فلاویو کوبولی کو 7-6(1)، 6-4، 6-1 سے شکست دے دی۔گزشتہ برس ومبلڈن میں بھی آرتھر فیری نے پہلے راؤنڈ میں الیکسی پوپیرن کو شکست دی تھی، جو اس وقت بھی گرانڈ سلام میں20 ویں سیڈ تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پوپیرن کو بھی گزشتہ جنوری میں فیری کے خلاف اسی حیثیت میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 23 سالہ فیری 2026 سیزن کا یہ تیسرا میچ کھیل رہے تھے۔ انہوں نے یونائیٹڈکپ میں 1۔1 کا ریکارڈ بنایا، جہاں انہوں نے اسٹین واورِنکاکو تین سیٹ کے مقابلے میں شکست دی، جبکہ فرانسیسی کھلاڑی آرتھر رِنڈرکنیخ کے خلاف 3 گھنٹے 21 منٹ تک جاری رہنے والے سنسنی خیز میچ میں 6-7(4)، 7-6(5)، 7-5 سے شکست کھائی۔ اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے دو مرتبہ آئی ٹی اے آل امریکن رہنے والے فیری نے بہترین کھیل پیش کیا اور2 گھنٹے 12 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں اپنے 10 میں سے 6 بریک پوائنٹس حاصل کیے۔ کوبولی کے خلاف میچ کے دوران فیری نے ابتدائی تین گیمز کے بعد طبی وقفہ لیا اور معدے کی تکلیف کے باعث دورانِ میچ متعدد مرتبہ ڈاکٹرکی نگرانی میں رہے، جس کا اثر ان کی کارکردگی پر بھی پڑا۔ میدان پر انٹرویو میں آرتھر فیری نے کہا یہ ایک ناقابلِ یقین تجربہ ہے۔ ومبلڈن کے علاوہ کسی گرانڈ سلام کے مین ڈرا میں یہ میرا پہلا میچ تھا اور شاندارکورٹ اور زبردست شائقین کے سامنے کھیل کر واقعی لطف آیا۔ جان کین ایرینا میں کوبولی کو فیری کے جارحانہ بیس لائن کھیل کے سامنے ردھم بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔