دبئی ۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) دبئی ٹینس چمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ میں عالمی نمبر ایک ناؤمی اوساکا کے علاوہ ڈاریا کساٹکینا،ککی برٹینز اور کیرولین گارشیا کو بھی حیران کن ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا تاہم سیمونا ہالیپ اور اینجلیک کیربر سمیت دیگر سیڈڈ پلیئرز کی کامیاب پیشقدمی جاری ہے جنہوں نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں ٹاپ سیڈ جاپان کی ناؤمی اوساکا کو فرانس کی کرسٹینا ملاڈینووچ نے 6-3,6-3 کے یکساں اسکور سے شکست دی جبکہ نمبر سات سیڈ ہالینڈ کی ککی برٹینز کو سلواکیہ کی ویرا کزمووا،نمبر گیارہ سیڈ روس کی ڈاریا کساٹکینا کو امریکہ کی صوفیہ کینن جبکہ نمبر چودہ سیڈ فرانس کی کیرولین گارشیا کو امریکی حریف جینیفر براڈی نے حیران کن شکست سے دوچار کردیا۔ اسی مرحلے میں نمبر دو سیڈ پیٹرا کویٹووا، نمبر تین سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ،نمبر پانچ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر، نمبر آٹھ سیڈ بیلاروس کی آرینا سبالینکا،نمبر بارہ سیڈ اسپین کی گاربائن موگوروزا،نمبر چار سیڈ کیرولینا پلسکووا، نمبر چھ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا،اسپین کی کارلا سواریز نوارو،تائیوان کی سو وائی سیہہ،یوکرین کی لیزیا سورینکو اور سوئٹزرلینڈ کی بلینڈا بین چچ بھی حریف کھلاڑی کو شکست دے کر 16کھلاڑیوں کے مرحلے میں پہنچ گئیں۔ برازیل میں شروع ہونے والے ریو اوپن کے پہلے راؤنڈ میں نمبر چھ سیڈ سربیا کے ڈوسان لائیووچ کو برطانوی حریف کیمرون نوری کیخلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔