عالمی چمپئن انگلینڈ کو آئرلینڈ پر سخت محنت کے بعد فتح

   

Ferty9 Clinic

ساؤتھمپٹن۔ جانی بیئرسٹو کی 82 رنز کی عمدہ اننگز کے باوجود ورلڈ چمپیئن انگلینڈ نے کچھ نازک لمحات سے گزرتے ہوئے آئرلینڈ کو سیم بلنگز کی 46 رنز کی ناقابل شکست اور ڈیوڈ ولی کے ناقابل شکست 47 رنز کی بدولت آئرلینڈ کو چار وکٹ سے ہراکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔ساؤتھمپٹن کے ایجس باؤل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں پر 212 رنز بنائے اس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 32.3 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ آئرلینڈ کی جانب سے کرٹیس کیمفر نے سب سے زیادہ 68 رنز بنائے ۔ اس کے جواب میں انگلینڈ کے لئے جانی بیئرسٹو (82) نے 41 گیندوں پر انگلینڈ کے لئے ہدف آسان کردیا۔ اپنی طوفانی اننگز میں بیئرسٹو نے 14 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔ انگلینڈ نے یہ میچ بیئرسٹو کی اننگز کی بنیاد پر جیتا ۔ بیئرسٹو کے علاوہ ڈیوڈ ولی نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ ایک مرحلے پر تین وکٹوں پر 131 رنز بنا کر آسان فتح کی طرف گامزن تھا لیکن میزبان ٹیم نے صرف چھ رنز میں تین وکٹیں گنوا دیں اور ان کا اسکور چھ وکٹوں پر 137 رنز ہوگیا تھا۔ ایسی نازک صورتحال میں بلنگز اور ولی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر عالمی چمپیئن کو شرمندگی سے بچایا۔ انگلینڈ کو اس جیت سے 10 پوائنٹس ملے اور اب ان کی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ میں 20 پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جوش لٹل نے آئرلینڈ کی جانب سے ایک اسپیل میں تین وکٹ لیکر جیت کی امید روشن کی تھی لیکن بلنگز اور ولی نے ساتویں وکٹ کے لئے 79 رن کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے آئرلینڈ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔آئرلینڈ کی جانب سے لٹل نے 10 اوورز میں 60 رن پر تین وکٹیں حاصل کیں۔ عادل راشد نے اپنے ون ڈے کیریئر میں 150 وکٹیں مکمل کیں۔ وہ انگلینڈ کی طرف سے 150 وکٹیں لینے والے پہلے اسپنر بن گئے ہیں۔ خود بھی وہ انگلینڈ کے لئے ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے 5 ویں بولر بن گئے ۔ راشد سے پہلے یہ کارنامہ جیمز اینڈرسن ، ڈیرن گف ، اسٹیورٹ براڈ اور اینڈریو فلنٹوف نے انجام دیا ہے ۔ اینڈرسن نے ون ڈے میں انگلینڈ کے لئے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ اینڈرسن نے ون ڈے میں مجموعی طور پر 269 وکٹیں حاصل کیں۔