نئی دہلی: دہلی کے پرگتی میدان میں آئندہ 8 جنوری سے منعقد ہونے والا عالمی کتاب میلہ 2022 کورونا وبا کے سبب ملتوی کر دیا گیا ہے ۔ نیشنل بک ٹرسٹ (این بی ٹی) نے بدھ کو جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا کہ کورونا وائرس کے قہر کی وجہ سے دہلی کی ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے ) کے نئے رہنما خطوط اورمختلف اسٹیک ہولڈرز کی درخواستوں کے پیش نظر دہلی میں ہونے والے 30ویں عالمی کتاب میلہ کوملتوی کیا جا رہا ہے ۔ نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ پرگتی میدان میں آٹھ سے 16 جنوری تک عالمی کتاب میلہ منعقد ہونا تھا۔ این بی ٹی کے چیئرمین گووند پرساد شرما نے اس بارے میں یو این آئی کو بتایا کہ حالات سازگار نہیں ہیں اور کورونا وبا کا خوف ہے ، جس کی وجہ سے کتاب میلہ ملتوی کیا جا رہا ہے ۔