نئی دہلی: ڈریم 11 ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف جرسی اسپانسر کے طور پر بائیجوس کی جگہ لینے کے لیے تیار ہے۔ حالانکہ اس کے لیے رقم کی جانکاری نہیں ہوئی ہے لیکن اس کے گزشتہ معاہدے سے کم ہونے کی امید ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ختم ہونے کے بعد بائیجوس نے ہٹنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد بی سی سی آئی نے اپنے نئے اسپانسر کے لیے سیل بند بولیوں کے لیے دعوت دی تھی جس میں ڈریم 11 بھی شامل تھا۔
بی سی سی آئی کے ایک ذریعہ نے رازداری کی شرط پر پی ٹی آئی کو بتایا، “ہاں، ڈریم 11 ہندوستانی ٹیم کا نیا جرسی اسپانسر ہوگا۔ آپ کچھ دنوں میں اعلان کی توقع کر سکتے ہیں۔” جب ڈریم 11 سے وابستہ لوگوں سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ معاہدے کا باضابطہ اعلان کرنے سے پہلے کچھ ‘پروٹوکول’ طے کرنے ہیں۔
کچھ وقت پہلے ہی ٹیم انڈیا کے کٹ اسپانسر کے طور پر بی سی سی آئی کا ایڈیڈس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیم انڈیا کے لیے ونڈے، ٹی ٹوئنٹی اور ٹسٹ تینوں ہی فارمیٹ کے لیے نئی جرسی بھی لانچ ہوئی تھی۔ ایڈیڈس نے خود اپنے انسٹاگرام پر ویڈیو شیئر کر کے اس کی معلومات دی تھی۔ سب سے پہلے ٹیم انڈیا نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ میں یہ جرسی پہنی تھی۔