عالمی کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں مراکش کی شکست کے بعد مداحوں سامنے آیا ردعمل: “تم ہارو یا جیتو، ہمیں تم سے پیار ہے”

   

فرانس کے ہاتھوں سیمی فائنل میں دو صفر سے شکست کے بعد فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن جانے کا خواب تو ٹوٹ گیا ہے، تاہم مراکش کی ٹیم نے دنیا بھر میں مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔

فرانس کے خلاف سیمی فائنل سے قبل مراکش کے حامی یورپ سمیت مختلف حصوں میں اس امید سے اکھٹے ہوئے تھے کہ ملک پر ماضی میں حکومت کرنے والی سابق نوآبادیاتی طاقت کو فٹ بال کے میدان میں پچھاڑ دیا جائے گا۔
تاہم یہ امید تھیو ہرنینڈیز اور کیلیان کے دو گول سے ٹوٹ گئی اور دفاعی چیمپیئن فرانس فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا سامنا اتوار کے روز ارجنٹینا سے ہو گا۔

مراکش کے دارالحکومت رباط میں ایک فین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ہار گئے لیکن ہمیں بہت فخر ہے۔‘

مراکش کی ٹیم کی ٹی شرٹ پہنے انس نے کہا کہ ’جو بھی ہوا، مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری ٹیم صرف فٹ بال کی نمائندگی نہیں کر رہی تھی، انھوں نے ہمیں علامتی فتح دی، بین الاقوامی عزت دلائی۔‘

پاکستان اور انڈیا میں بھی مراکش کے چاہنے والوں نے کچھ ایسے ہی جذبات کا اظہار کیا۔

شہروز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’میچ کی سکور لائن مراکش کے کھیل کی درست ترجمانی نہیں کرتی جنھوں نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔‘

ٹوئٹر صارف عزیر یونس نے لکھا ’تم ہارو یا جیتو، ہمیں تم سے پیار ہے۔‘

مشہور زمانہ کرکٹ کمنٹیٹر ہارشا بوگھلے نے لکھا کہ ’فرانس یقینا فائنل تک پہنچ گیا لیکن اس ورلڈ کپ میں مراکش ایک سٹار بن گیا۔‘