عالمی یومِ خواتین پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کی مبارکباد

   

نئی دہلی، 07 مارچ (یواین آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر تمام شہریوں خصوصاً خواتین کو دلی مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین معاشرے اور قوم کی بنیاد ہیں۔ مرمو نے ہفتہ کو اپنے پیغام میں کہاکہ خواتین ہمارے معاشرے اور قوم کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے تعلیم، سائنس، کھیل، فن اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیت اور محنت کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ، خودمختار اور بااختیار خواتین ایک خوشحال اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ آج نوجوان خواتین نئے ہندوستان کے خوابوں کو حقیقت بنا رہی ہیں۔

انہیں مناسب مواقع، رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ “آئیے ہم سب مل کر ایسے معاشرے کی تعمیر کی سمت میں کام کریں جہاں خواتین کو مساوی مواقع حاصل ہوں اور وہ اپنی صلاحیتوں کے بل پر آگے بڑھ کر کامیابی حاصل کر سکیں۔” صدر نے مزید کہاکہ “میں یومِ خواتین کے کامیاب انعقاد اور تمام خواتین کے روشن مستقبل کے لیے اپنی دلی نیک تمنائیں پیش کرتی ہوں۔” یومِ خواتین خواتین کے سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور سیاسی حقوق کے لیے جدوجہد اور ان کی کامیابیوں کے احترام کے لیے منایا جاتا ہے ۔ سال 1975 میں اقوامِ متحدہ نے 8 مارچ کو باضابطہ طور پر عالمی یومِ خواتین کے طور پر منانا شروع کیا اور تب سے یہ دنیا بھر میں منایا جانے لگا۔