عام آدمی پارٹی کادہلی کی تمام 70سیٹیں جیتنے کا عزم

   

نئی دہلی: آئندہ دہلی اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر بات چیت کے بعد عام آدمی پارٹی نے تمام 70 اسمبلیوں میں جیت درج کرنے کا عزم کیا۔عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے ضمانت پر جیل سے باہر آنے کے بعد آج پہلی بار پارٹی کے ایم ایل اے سے ملاقات کی۰۔ میٹنگ کے بعد منیش سیسوڈیا نے کہا کہ میٹنگ میں دہلی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ 14 اگست سے شروع ہونے والی پد یاترا (پیدل مارچ ) کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ یاتراتمام اسمبلیوں سے گزرے گی اور اس دوران زیادہ سے زیادہ لوگوں سے رابطہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کا ہر ایم ایل اے اپنے متعلقہ اسمبلی حلقہ میں انتخابات تک کیسے کام کرے گا اس بارے میں رہنما خطوط دیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی آزاد ہندوستان کی تاریخ کی پہلی پارٹی ہے جس پر ایک کے بعد ایک حملے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے اعلیٰ رہنما کو بھی جیل میں ڈال دیا ہے ۔ بی جے پی والے بھی سوچ رہے ہوں گے کہ آزادی کی جنگ لڑنے والوں کے بعد پہلی بار ایسے لوگ آئے ہیں جو نہ ٹوٹ رہے ہیں اور نہ جھک رہے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے کہا کہ میٹنگ میں کچھ اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر سب نے اتفاق کیا۔
عام آدمی پارٹی کو توڑنے اور خریدنے کی بی جے پی کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہونے والی ہے ۔ اگر بی جے پی ملک کی دوسری پارٹیوں میں بھی اپنی سازشوں میں کامیاب ہوجاتی ہے تو عام آدمی پارٹی کو توڑنا نہ صرف مشکل بلکہ ناممکن ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مسٹرمنیش سسودیا کی پد یاترا 14 اگست سے دہلی میں شروع ہو رہی ہے ۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ہم ہر اسمبلی میں پیدل جائیں گے اور دہلی کے لوگوں کو دہلی میں کام روکنے اور پارٹیوں کو توڑنے کی بی جے پی کی سیاست کی حقیقت بتائیں گے ۔