عامر خان سے اختلاف نہیں،’ سارے جہاںسے اچھا‘ چھوڑنے کی تردید: شاہ رُخ خان

,

   

ممبئی 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کے دو بڑے خان ، شاہ رُخ اور عامر خان کے متعلق حالیہ دنوں میں انجم راجہ بالی کی فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ کے تعلق سے نہ صرف اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں بلکہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ عامر خان کی وجہ سے راکیش شرما کی زندگی پر بننے والی اِس فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ کو شاہ رُخ خان نے چھوڑ دیا ہے اور وہ ’ڈان تھری‘ کی تیاری میں مصروف ہوچکے ہیں لیکن اب شاہ رُخ خان کی جانب سے نہ صرف عامر خان سے اختلافات کی تردید ہوئی ہے بلکہ قلم کار انجم نے بھی واضح کردیا ہے کہ شاہ رُخ خان اِن کی فلم ’سارے جہاں سے اچھا‘ نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ تاہم انھوں نے کہاکہ ابتداء میں اِس فلم کے لئے عامر خان کو کہانی سنانے کے لئے اُنھیں راضی بھی کیا گیا تھا لیکن وہ اپنی زندگی کے سب سے بڑے پراجکٹ مہا بھارت میں مصروف ہونے کی وجہ سے اِس فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی حالانکہ عامر خان نے راکیش شرما پر بننے والی فلم کی کہانی کو پسند بھی کیا تھا۔ انجم نے مزید کہاکہ ابتداء میں ’سارے جہاں سے اچھا‘ کے لئے عامر خان کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اُنھوں نے اِس کی کہانی کو بھی پسند کیا تھا۔ ماضی میں عامر خان اور انجم راجہ بالی نے بالی ووڈ کو ’غلام‘ جیسی ہٹ فلم دی۔ عامر خان نے اِس ضمن میں کہاکہ یہ ایک شاندار کہانی ہے اور میں خود راکیش شرما کا بڑا مداح ہوں لیکن اِس فلم کے نہ کرنے سے مجھے مایوسی ہورہی ہے ۔ میں نے شاہ رُخ خان کے متعلق سنا کہ اب وہ اِس فلم کو کررہے ہیں اور یہ شائقین کے لئے ایک خوشخبری ہوگی اور میں اِس پراجکٹ کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار بھی کرتا ہوں۔