عامر خان کے اشتہار سے ہندوؤں کے جذبات مجروح : بی جے پی

   

نئی دہلی: حکمراں بی جے پی کے قائد کا کہنا ہے کہ ’’ہندو مخالف اداکاروں‘‘ سے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ چند روز قبل ہی دیوالی کے موقع پر ملبوسات کے ایک اشتہار میں ‘جشن رواج’ کے الفاظ پر ہنگامہ ہوا تھا۔ بی جے پی کے ایک قائد نے بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے اس اشتہار پر سخت اعتراض کیا ہے جس میں ہندوؤں کے تہوار دیوالی کے موقع پر وہ لوگوں سے پٹاخے نہ پھوڑنے کی گزارش کر رہے ہیں۔ بی جے پی قائد کا دعوی ہے کہ اس اشتہار سے ہندو برادری بے چینی محسوس کر رہی ہے۔اداکار عامر خان کے جس نئے اشتہار پر اعتراض ہے اسے ٹائر بنانے والی ایک کمپنی سیئٹ (Ceat) نے جاری کیا ہے۔ ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیاں ایک بڑا مسئلہ اور دیوالی کے موقع پر پٹاخے پھوڑنے سے خاص طور پر شہروں میں فضائی آلودگی میں زبردست اضافہ ہو جاتا ہے۔ کمپنی نے آلودگی کی روک تھام کے لیے اپنے اشتہار میں عامر خان کو استعمال کیا ہے۔جس پر کرناٹک کے رکن پارلیمان اور بی جے پی قائد اننت کمار ہیگڑے کو اس پر اعتراض ہے اس لیے انہوں نے کمپنی کے مالک اننت وردھان گوینکا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اس سے، ’’ہندوؤں میں بے چینی پھیل رہی ہے۔‘‘