ممبئی : بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خان سال 2022 میں فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کی ریلیز کے بعد سے بڑے پردے سے دور ہیں، ان کے تمام مداح انہیں ایک بار پھر پردے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ ادھر سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عامر اپنے ایک پراجیکٹ میں سکھوں کے پہلے گرو گرو نانک دیوکا کردار اداکرنے جا رہے ہیں۔ تاہم مداحوں کا یہ دعویٰ بالکل غلط ثابت ہوا ہے۔ اس پر عامر خان کی ٹیم نے وضاحت کردی ہے۔ سوشل میڈیا پر عامر خان کے جعلی پوسٹرز وائرل ہو رہے ہیں جس میں وہ گرو نانک دیوکے کردار میں نظر آرہے ہیں۔ یہی نہیں یوٹیوب پر ٹی سیریز کے نام سے ایک جعلی یوٹیوب چینل پر ٹریلر بھی جاری کیا گیا۔ معاملہ سنگین ہوا تو عامر خان کی ٹیم نے بیان جاری کیا۔ ان کی ٹیم نے کہا، جو پوسٹر عامر خان کو گرونانک کے کردار میں دکھایا گیا ہے وہ مکمل طور پر جعلی ہے اور پوسٹرکو اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ عامر خان کا ایسے کسی پروجیکٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کے دل میں گرو نانک کے لیے بے پناہ عزت ہے اور وہ کبھی کسی ایسی چیزکا حصہ نہیں بنیں گے جو توہین آمیز ہو۔ جعلی خبروں کو نظر اندازکریں۔فرضی پوسٹر اور ٹریلرکے وائرل ہونے کے بعد پنجاب بی جے پی کے ترجمان پریت پال سنگھ بالیوال نے بھی اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ گزشتہ روز ایکس پر ایک پوسٹ میں، انہوں نے لکھا، میں عامر خان کوگرو نانک دیو جی کے روپ میں دکھائے جانے والے جعلی پوسٹر اور ٹیزرکی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ سکھوں کے مذہبی جذبات پر جان بوجھ کر حملہ اور سکھ برادری کو مشتعل کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ٹی سیریز کے نام کا بھی غلط استعمال ہو رہا ہے۔عامرخان کی ٹیم کے بیان سے واضح ہواکہ وہ ایسا کوئی پروجیکٹ نہیں کررہے۔ وہ اپنی آنے والی فلم ’ستار زمین پر‘ کے تعلق سے کافی عرصے سے خبروں میں ہیں۔ رپورٹس پر یقین کیا جائے تو یہ فلم20 جون کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔