نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے بھی پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کے کرکٹ انتظامیہ سے مایوس ہو کر کرکٹ کو الوداع کہنے کے فیصلے پر ردعمل دے دیا۔عرفان پٹھان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں محمد عامر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں میرا عامر سے سامنا ہوا۔انہوں نے کہا کہ عامر کے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے کے حوالے سے میں یہ ضرور کہوں گا کہ عامر کیلئے ابھی بہت سی کرکٹ باقی ہے۔عرفان پٹھان نے یہ بھی کہا کہ عامر اب بھی اچھے بولر ہیں، میری خواہش ہے ان کا مستقبل بھی اچھا ہو۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے محمد عامر کی طرف سے کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عامر کو میرے حوالے کردیں اور پھر جادو دیکھیں، یوں ضائع نہ کریں۔ شعیب اختر نے حالیہ سوشل میڈیا میں کہا کہ محمد عامرکو میرے حوالے کریں پھر دیکھیں وہ گراؤنڈ میں کیا جادو دکھاتے ہیں۔خیال رہے کہ محمد عامر نے ٹیم کے انتظامیہ سے مایوس ہو کر کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔