دبئی ۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں سرفہرست 10 بولروں میں آگئے ہیں، جیسا کہ عامر کیرئیر کی بہترین ساتویں مقام پر ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ونڈے سیریز کا اختتام پاکستان کی کامیابی کیساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بھی بہتری آئی ہے ۔ محمد عامر نے چھ مقامات کی چھلانگ لگائی اورکیرئیر کی بہترین ساتویں مقام پر پہنچ گئے۔عثمان شنواری کی درجہ بندی بھی بہتر ہوئی وہ 28 درجہ ترقی کے ساتھ 43 ویں نمبر پر آگئے۔ بیٹسمینوں میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی بدستور پہلے نمبرون پر ہیں جبکہ پاکستان کے بابر اعظم تیسرے مقام پر برقرار ہے اور فخر زماں 16 مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ بیٹسمینوں کی فہرست میں کوہلی پہلے، روہت شرما دوسرے، بابراعظم تیسرے، فاف ڈوپلیسی چوتھے، راس ٹیلر پانچویں، کین ولیمسن چھٹے، ڈیوڈ وارنر ساتویں، جیو روٹ آٹھویں، ڈی کوک نویں اور جیسن رائے دسویں نمبر پر ہیں۔بولروں کی فہرست میں پہلا مقام جسپریت بمراہ کا ہے جبکہ ٹرینٹ بولٹ دوسرے، کگیسو ربادا تیسرے، پیٹ کمنز چوتھے، مجیب الرحمن پانچویں، کرس ووکس چھٹے، محمد عامر ساتوں، مچل اسٹارک آٹھویں، راشد خان نویں اور میٹ ہنری دسویں نمبر پر ہیں۔