عثمان ساگر کے قریب فارم ہاوز کی تعمیر ‘کے ٹی آر کو نوٹس

,

   

ریونت ریڈی کی شکایت پر گرین ٹریبونل کی کارروائی، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
حیدرآباد۔/6 جون، ( سیاست نیوز) نیشنل گرین ٹریبونل نے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کو جنواڑہ میں واقع اُنکے فارم ہاوز کے سلسلہ میں نوٹس جاری کی ہے۔ یہ نوٹس جی او 111 کے تحت ممنوعہ علاقوں میں تعمیری سرگرمیوں کی خلاف ورزی پر جاری کی گئی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کی درخواست پر یہ نوٹس جاری کی گئی جس میں شکایت کی گئی کہ کے ٹی آر کا یہ فارم ہاوز ممنوعہ علاقہ میں تعمیر کیا گیا ۔ گرین ٹریبونل نے حقائق کا پتہ چلانے کمیٹی تشکیل دی ہے جو وزارت جنگلات و ماحولیات، تلنگانہ پولیوشن کنٹرول بورڈ، ایچ ایم ڈی اے، ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر مشتمل ہے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ وہ تعمیری کاموں کا جائزہ لے کر اندرون دو ماہ رپورٹ پیش کرے۔ ریونت ریڈی کے وکیل شراون کمار نے بتایا کہ کمیٹی جائزہ لے گی کہ آیا تعمیری کام قانونی ہے یا غیر قانونی۔ اگر یہ غیر قانونی پایا گیا تو پھر ٹریبونل سے کارروائی کی جائیگی۔ ریونت ریڈی نے درخواست میں الزام عائد کیا کہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقی محکمہ حمایت ساگر و عثمان ساگر کی بحالی کیلئے مجاز ادارہ ہے لیکن کے ٹی آر نے ممنوعہ زون میں وی وی آئی پی فارم ہاوز تعمیر کیا ہے۔ فارم ہاوز کیلئے سڑک کی تعمیر کے نتیجہ میں عثمان ساگر کو جانے والا نالہ متاثر ہوا ۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے فارم ہاوز علاقہ کا دورہ کرکے ڈرون کیمرہ سے تصاویر لی تھی جس کے بعد پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔