عثمانیہ ، حیدرآباد ، جے این ٹی یو‘ دیگر یونیورسٹیوں کو آج سے تعطیلات

   

حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) عالمی سطح پر تیزی کیساتھ پھیلانے والی خوفناک وباء کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومت ِ تلنگانہ کی طرف سے معلنہ احتیاطی تدابیر کے تحت ریاست کی تمام یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو 31 مارچ تک دی گئی تعطیلات کے پیش نظر عثمانیہ یونیورسٹی ، حیدرآباد یونیورسٹی ، جواہر لال نہرو ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی (جے این ٹی یو) ، پروفیسر جئے شنکر اگریکلچرل یونیورسٹی ، نظام آباد ، پالمورو یونیورسٹی اور دیگر تمام جامعات کو کل پیر 16 مارچ سے تعطیلات دے دی گئی ہیں اور اس ضمن میں علیحدہ اعلامیے جاری کرتے ہوئے تمام کلاسیس 31 مارچ تک ملتوی رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تمام یونیورسٹیز میں صرف کلاسیس اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں منسوخ کی گئی ہیںلیکن دفتری و انتظامی امور کے کام معمول کے مطابق جاری رہیں گے ۔ تمام پوسٹ گریجویٹ اور گریجویشن کالجس کو بھی 31 مارچ تک بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے البتہ جن کالجوں میں امتحانات کا شیڈیول جاری کیا جاچکا ہے وہاں تمام امتحانات معلنہ شیڈیول کے مطابق منعقد ہو ں گے ۔ یونیورسٹیز کے سمینار ‘ کانفرنس اور ورکشاپ بھی منسوخ کئے جاچکے ہیں ۔ تمام اسکولوں کو بھی 31 مارچ تک تعطیلات رہیں گے ۔