عثمانیہ ہاسپٹل میں سی ٹی اسکیان اور کیاتھ لیاب کا افتتاح

   

آئندہ دو ماہ میں 50 بیڈس پر مشتمل آئی سی یو وارڈ : وزیر صحت ہریش راؤ

حیدرآباد۔ 14 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر صحت و فینانس ٹی ہریش راؤ نے آج عثمانیہ ہاسپٹل میں سی ٹی اسکیان اور کیاتھ لیاب کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے دو ماہ بعد 50 بیڈس پر مشتمل آئی سی یو وارڈ کا افتتاح کرنے کا اعلان کیا ۔ ہریش راؤ نے آج عثمانیہ ہاسپٹل کے مختلف وارڈس کا معائنہ کیا ۔ مریضوں سے بات چیت کی ، طبی عملہ سے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء محمد محمود علی اور ٹی سرینواس یادو بھی موجود تھے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ 7 کروڑ روپئے کے مصارف سے عثمانیہ ہاسپٹل میں کیاتھ لیاب اور دو کروڑ 12 لاکھ روپئے کے سی ٹی اسکیان کا قیام عمل میں آیا ۔ انہوں نے کہا کہ عثمانیہ ہاسپٹل میں 2 سی ٹی اسکیان ہے مگر ایک کارکرد نہیں ہے۔ تیسرا سی ٹی اسکیان آج مریضوں کیلئے دستیاب کرایا گیا ہے ۔ ناکارہ سی ٹی اسکیان کو بہت جلد درست کرتے ہوئے مریضوں کو اس کی بھی خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر صحت نے عثمانیہ ہاسپٹل میں 180 کے منجملہ 102 وینٹی لیٹرس کارکرد ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے مابقی وینٹی لیٹرس کو جلد از جلد درست کرانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ہاسپٹل میں صاف صفائی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا اور کہا کہ ہاسپٹل میں تمام عصری سہولتیں مہیا کی جائیں گی ۔ اس کیلئے 5 کروڑ منظور کرنے کی ہدایت دی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے تمام مردہ خانوں کو عصری سہولتوں سے لیس کیا جائے گا ۔ یکم جنوری کو دوبارہ عثمانیہ ہاسپٹل کا دورہ کرنے کا اعلان کیا ۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں آروگیہ شری اور آیوشمان بھارت کی خدمات کو بڑھانے پر زور دیا۔ عثمانیہ ہاسپٹل کو این اے بی سی اکریڈیشن حاصل کرنے کیلئے مرکز کو تجاویز روانہ کی جائیں گی ۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے معاملہ میں عدلیہ کے فیصلہ کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ ن