عثمانیہ ہاسپٹل کیلئے کھلی اراضی پر نئی عمارت کی تعمیر

   

تلنگانہ ہائی کورٹ کا مشورہ، عمارت کے انہدام کے خلاف درخواست کی سماعت

حیدرآباد۔تلنگانہ ہائی کورٹ نے مشورہ دیا ہے کہ عثمانیہ ہاسپٹل کی موجودہ عمارت کے قدیم ہونے کی صورت میں متصل کھلی اراضی پر نئی عمارت تعمیر کی جاسکتی ہے۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی موجودہ عمارت کے انہدام اور نئی عمارت کی تعمیر کے مسئلہ پر داخل کردہ درخواست کی آج سماعت کی گئی۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل نے ہاسپٹل کا گوگل میاپ اور پلاٹ لے آؤٹ کی کاپی عدالت میں داخل کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے کہا کہ وہ گوگل میاپ اور لے آؤٹ کا جائزہ لینے کے بعد اپنے دلائل پیش کریں گے۔ ہائی کورٹ نے اتفاق کرتے ہوئے آئندہ سماعت 24 ستمبر کو مقرر کی ہے۔ درخواست گذار نے موجودہ عمارت کے انہدام کی مخالفت کی کیونکہ یہ ہیرٹیج بلڈنگ ہے۔ اسی دوران ہائی کورٹ نے وظیفہ یاب ملازمین کی درخواست کی سماعت کی۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ اسمبلی کے جاریہ اجلاس میں وظیفہ یابوں کے حق میں حکومت کی جانب سے اعلان کئے جانے کا امکان ہے جس پر عدالت نے امید ظاہر کی کہ حکومت اسمبلی اجلاس میں پنشنرس کے مسائل پر فیصلہ کرے گی۔ بصورت دیگر عدالت احکامات جاری کرے گی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 21 اکٹوبر تک ملتوی کی گئی۔